آئی ٹی اور ٹیلی کام کے وزیر سید امین الحق نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے خود کو پاکستان میں بطور کمپنی رجسٹر کرا لیا ہے اور وہ اگلے ہفتے سے اپنا دفتر قائم کر رہا ہے۔
ڈان اخبار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے سنگاپور سے گوگل کا وفد پاکستان آ رہا ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر کمپنی پاکستان میں اپنا دفتر کھول لے گی۔
انہوں نے بتایا کہ معروف لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک بھی پاکستان میں رابطے کا ایک دفتر کھولنے پر تیار ہو گئی ہے۔
گوگل نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کی کراچی رجسٹری میں خود کو رجسٹر کرا لیا ہے جو کہ دفتر کے قیام کا پہلا قدم سمجھا جاتا ہے۔
پاکستانی قوانین اور ضوابط کے مطابق جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پاکستان میں اپنا دفتر بنائے گا اس پر پاکستان کے قوانین کی پابندی لازم ہو جائے گی اور انہیں اپنے سرور بھی پاکستان میں رکھنے ہوں گے تاکہ ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس وقت تک تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے سرورز پاکستان سے باہر دیگر ممالک میں موجود ہیں۔
اگرچہ آئی ٹی منسٹر سید امین الحق پرامید ہیں کہ گوگل کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی پاکستان میں دفاتر قائم کریں گے لیکن ٹوئٹر اور فیس بک ابھی تک اس پر تیار نظر نہیں آتے۔
ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر اور فیس بک نے حال ہی میں ملازمین کی چھانٹی کی ہے اور وہ اپنے سیٹ اپ میں بڑی تبدیلیاں کرنے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر، فیس بک اور واٹس ایپ کی پاکستان میں موجود مذاکراتی ٹیمیں تبدیل کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے آگے بڑھنے کے حوالے سے ہونے والی بات چیت رک چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومتوں کی بدلتی پالیسیوں کے باعث سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں دفاتر قائم کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔