گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے 7 حلقوں سے انتخاب لڑا اور ان میں سے 6 پر کامیاب ہو کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
یہ نشستیں پی ٹی آئی اراکین کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ عمران خان کے مقابلے پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار انتخاب لڑ رہے تھے۔
پنجاب کے ضمنی انتخابات
غیرسرکاری نتائج کے مطابق این اے 108 (فیصل آباد 8) میں عمران خان نے 79453 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل نون لیگ کے رہنما عابد شیر علی 59187 ووٹ لے سکے۔ 2018 میں پی ٹی آئی کے فرخ حبیب نے عابد شیر علی کے مقابلے میں 112182 ووٹ حاصل کیے تھے۔
این اے 118 (ننکانہ صاحب 2) میں پی ٹی آئی چئیرمین نے 59815 ووٹ حاصل کر کے پی ڈی ایم کی مشترکہ امیدوار ڈاکٹر شذرا منصب علی خان کو شکست دی جنہوں نے 53528 ووٹ حاصل کیے۔
2018 کے انتخابات میں اس حلقے سے پی ٹی آئی کے اعجاز احمد شاہ نے 63918 ووٹ حاصل کیے تھے۔
خیبرپختونخوا کے ضمنی انتخابات
این اے 31 (پشاور) میں عمران خان نے 57824 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار غلام احمد بلور کو 32253 ووٹ مل سکے۔
اسی طرح این اے 124 (چارسدہ) میں چئیرمین تحریک انصاف نے 78589 ووٹ حاصل کر کے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کو شکست دی جن کے حصے میں 68356 ووٹ آ سکے۔
قومی اسمبلی نشست این اے 22 (مردان) میں عمران خان نے 76681 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل جمیعت علمائے اسلام کے امیدوار مولانا محمد قاسم نے 68181 ووٹ حاصل کیے۔
سندھ (کراچی) کے ضمنی انتخابات
کراچی کے حلقے این اے 239 (کورنگی) سے عمران خان کے حصے میں 50014 ووٹ آئے جبکہ ایم کیو ایم کے امیدوار نئیر رضا صرف 18116 ووٹ حاصل کر سکے۔
عمران خان کو ایک حلقے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، کراچی کے حلقہ این اے 237 (ملیر) سے پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ نے 32567 ووٹ حاصل کیے، عمران خان 22493 ووٹ حاصل کر سکے۔
دیگر نتائج
این اے 157 (ملتان 4) میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید علی موسیٰ گیلانی نے 79743 ووٹ حاصل کر کے پی ٹی آئی کی امیدوار مہربانو قریشی کو شکست دے جنہوں نے 59993 ووٹ حاصل کئے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے تین اراکین پنجاب اسمبلی کے استعفوں کے بعد ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے دو جبکہ نون لیگ نے ایک حلقے سے کامیابی حاصل کی۔
پی پی 139 (شیخوپورہ 5) سے پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار چوہدری افتخار بھنگو نے 23765 ووٹ حاصل کر کے فتح سمیٹی۔
پی پی 209 (خانیوال 7) سے پی ٹی آئی امیدوار محمد فیصل نیازی نے 71586 ووٹ حاصل کر کے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار چوہدری ضیاالرحمان کو شکست دی جنہوں نے 57864 ووٹ حاصل کیے۔
اسی طرح پی پی 241 (بہاول نگر 5) سے پی ٹی آئی کے ملک مظفر اعوان نے 55005 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل نون لیگ کے امیدوار امان اللہ باجوہ 48650 ووٹ حاصل کر سکے۔