قطر میں گرفتار ہونے والے بھارتی بحریہ کے 6 سابق افسران کی گرفتاری کو 3 ماہ مکمل ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک بھارت انہیں رہا کرانے میں ناکام رہا ہے۔
بھارتی اخبار نیو انڈین ایکسپریس کا کہنا ہے کہ ان افسروں کو دوحا میں پراسرار حالات میں گرفتار کیا گیا تھا۔
اخبار کے مطابق تین ماہ قبل قطر کے سٹیٹ سیکیورٹی بیورو نے رات کے وقت ان افسران کے گھروں میں چھاپے مارے اور انہیں گرفتار کر لیا، 30 اگست کو ان کا رابطہ منقطع ہوا جبکہ بھارتی سفیر کو 3 اکتوبر کو ان تک رسائی فراہم کی گئی۔
بھارتی سفیر سے ملاقات کے دوران معلوم ہوا کہ ان افسروں کو مسلسل قید تنہائی میں رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی ہراسانی کا شکار تھے۔
یہ افسران گزشتہ 5 برس سے دہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی نامی فرم کے ساتھ کام کر رہے تھے اور بحری مشقوں کے سلسلے میں مصروف تھے۔
گرفتار افسروں میں کمانڈر پرنینڈو تیواڑی شامل ہیں جنہیں صدارتی تمغہ ملا ہوا تھا اور جو کمپنی کے مینیجنگ ڈائرکٹر تھے، ان کے علاوہ گرفتارشدگان میں کمانڈر نوتیج سنگھ گل، کمانڈر بریندرا کمار ورما، کمانڈر سوگوناکر پکالا، کمانڈرسنجیو گپتا، کیپٹن سوراب وشیش اور راگیش گوپاکمار شامل ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارت خانہ ان افسروں کی رہائی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، قیدیوں سے ملاقات بھی کی گئی ہے اور ان کی اپنے اہل خانہ سے بات بھی کرائی گئی ہے۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کن الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔