ٹویٹر کی خریداری کے بعد ایلان مسک کا اسے سپر ایپ میں بدلنے کا اعلان

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

ایلان مسک جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کے مالک بن گئے، انہوں نے ملکیت سنبھالنے کے بعد بڑے عہدوں پر فائز چند افراد کو فارغ کر دیا اور ٹویٹ کیا کہ ‘پرندہ آزاد ہو گیا’۔

انہوں نے جب ٹویٹر کے آفس میں قدم رکھا تو اس کی ویڈیو بھی ٹویٹ کر دی جس میں وہ ہاتھوں میں سنک اٹھائے دفتر میں داخل ہو رہے تھے۔ اس ویڈیو پر ایک ملین سے زائد ری ایکشن آ چکے ہیں۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پراگ اگرووال، چیف فنانشل آفیسر نیڈ سیگل اور لیگل پالیسی کے ہیڈ وجیا گڈ کو برطرف کر دیا اور مزید افراد کو بھی نکالنے کا عندیہ دیا جس سے ادارے کے 75 ہزار ملازمین عدم تحفظ کا شکار ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ٹویٹر کے ذریعے پیسہ کمانے نہیں آئے بلکہ وہ انسانیت کی مدد کرنا چاہتے ہیں جس سے وہ محبت کرتے ہیں۔

یاد ہے کہ انہوں نے ٹویٹر کو 44 ارب ڈالرز کی خطیر رقم ادا کر کے خرید کیا ہے، وہ اسے ایک ایسی سپر ایپ میں بدلنا چاہتے ہیں جہاں ہر چیز میسر ہو، لوگ رقوم کا تبادلہ بھی کر سکیں، فلمیں دیکھ سکیں، ویڈیو گیمز دیکھ سکیں اور سفر کے لیے گاڑیاں بھی بک کر سکیں۔

ایلان مسک کے ٹویٹر کی ملکیت سنبھالنے کے بعد سب سے اہم معاملہ ان اشتہار دینے والی کمپنیوں کے خدشات دور کرنا تھا جو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

ان خدشات کو دور کرنے کے لیے انہوں نے ان کمپنیوں کو کھلا خط لکھا ہے اور اسے ٹویٹر پر بھی شئیر کر دیا ہے۔

خط میں ایلان مسک کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسا مشترکہ ڈیجیٹل قصبہ بنانا چاہتے ہیں جہاں تشدد کا راستہ اختیار کیے بغیر وسیع پیمانے پر نظریات کے درمیان صحت مند انداز میں گفتگو ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سوشل میڈیا کے انتہائی دائیں بازو اور انتہائی بائیں بازو کے خانوں میں تقسیم ہونے کا خطرہ موجود ہے جس سے معاشرے میں نفرت اور تقسیم میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ٹویٹر کو ایسی جگہ نہیں بنانا چاہتے جہاں نتائج کی پرواہ کیے بغیر کوئی کچھ بھی کہہ سکے لیکن ہم ایسا پلیٹ فارم بنانا چاہتے ہیں جہاں سب کو خوش آمدید کہا جا سکے اور جہاں لوگ اپنی عمر اور ترجیحات کے مطابق اپنے پسندیدہ مشاغل اختیار کر سکیں جیسے فلمیں دیکھنا یا ویڈیو گیمز کھیلنا۔

اس وقت ٹویٹر اپنے سب سے فعال صارفین کو شامل کرنے کی جدوجہد کر رہا ہے، یہ صارفین اگرچہ ٹویٹر کے ماہانہ مجموعی صارفین کا 10 فیصد ہیں لیکن یہ تمام ٹویٹس کا 90 فیصد اور کل آمدنی کا نصف پیدا کر رہے ہیں۔

ایلان مسک کا کہنا ہے کہ وہ ٹوئٹر پر سپام بوٹس کو ’شکست‘ دینا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایلگورتھم میں ایسی تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں جو اس بات کا تعین کرے کہ اس کے صارفین کو کس طرح مواد عوامی طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین

ٹوئٹر پر بلیوٹک رکھنے والے صارفین کے لیے بری خبر

ٹوئٹر کو خرید کرنے والے ارب پتی ایلون مسک...

مکمل طور پر خودکار گاڑیاں بنانا ممکن نہیں: کمپنیوں کی پریشانی میں اضافہ

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی مداخلت سے آزاد...