مائیکروسافٹ جرمنی کے چیف ٹیکنالوجی افسر اینڈریس بران نے انکشاف کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت رکھنے والی چیٹ جی پی ٹی کا نیا ورژن اگلے ہفتے ریلیز ہو گا۔
چیٹ جی پی ٹی 4 کے نام سے جاری ہونے والا یہ ورژن مصنوعی ذہانت کو نئے عروج پر لے جائے گا، اس میں ویڈیوز بھی تخلیق کی جا سکیں گی۔
اب تک چیٹ جی پی ٹی صرف ٹیکسٹ کی صورت میں جواب دیتا ہے لیکن اگلے ورژن میں یہ سب کچھ تبدیل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ 2022 میں فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے بھی یہ ٹیکنیک لانچ کی تھی جو ٹیکسٹ کو ویڈیو میں تبدیل کر دیتی تھی، بظاہر یہی لگتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی 4 بھی اسی سفر کا اگلا پڑاؤ ہو گی۔
مائیکروسافٹ جرمنی کے ڈائرکٹر آف بزنس سٹریٹجی ہولگر کن نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی 4 صارفین کے ٹیکسٹ کو تصاویر اور میوزک شامل کر کے ویڈیو کی شکل دے سکے گی۔
ٹیکنالوجی میں ہونے والی اس ترقی کے باعث عام صارفین بھی بغیر محنت کے ویڈیوز بنانے کی صلاحیت حاصل کر لیں گے، انہیں صرف چیٹ جی پی ٹی کو ہدایت کرنی ہو گی اور ان کے منتخب کردہ ویڈیو کا ٹیکسٹ ایک بنی بنائی ویڈیو کی شکل میں انہیں مل جائے گا۔
چیٹ جی پی ٹی 4 میں انسانوں کے سوال سمجھنے کی صلاحیت کئی گنا زیادہ ہو گی، اس میں مختلف زبانوں کو سمجھنے کی اہلیت بھی بڑھا دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اب یہ اپنا ڈیٹا صرف ٹیکسٹ سے نہیں بلکہ تصاویر اور ویڈیوز سے بھی حاصل کرے گی جس کی وجہ سے اس میں معلومات لاکھوں گنا زیادہ ہوں گی۔
چیٹ جی پی ٹی 3 میں معلومات کے 20 ارب پیرامیٹرز شامل کیے گئے تھے جنہیں نئے ورژن میں بڑھا کر 175 ارب تک پہنچا دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ان معلومات کو صارف کی ضرورت کے مطابق ڈھالنے والے ایلگورتھم بھی مزید نفیس کر دیے گئے ہیں۔
ان دونوں وجوہات کی بنا پر چیٹ جی پی ٹی 4 نہ صرف تیزی سے ڈیٹا کا تجزیہ کر سکے گا بلکہ صارفین کو دیے گئے جواب زیادہ درست ہوں گے۔