سپریم کورٹ کا ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ آج رات تک درج کرنے کا حکم

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آج رات تک مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالت کو ابھی تک رپورٹ کیوں فراہم نہیں کی گئی، کیا اپ نے اس میں کوئی تبدیلی کرنی ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کل تک رپورٹ جمع کرانے کا کہا تو چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹ آج ہی جمع کرائی جائے تاکہ اس پر کل سے سماعت شروع ہو سکے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ ہم 43 دن سے رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ارشد شریف کی میڈیکل رپورٹ کو غیرتسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ 5 رکنی بینچ حالات کی سنگینی کے باعث تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ صحافیوں کے ساتھ کسی بھی صورت بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی، کوئی غلط خبر دیتا ہے تو اس حوالے سے قانون سازی کریں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صحافی سچائی کی آواز ہیں، وہ معاشرے میں معلومات کا ذریعہ ہیں، ارشد شریف کے قتل سے متعلق تمام حقائق کو سامنے لانا ہو گا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کیا یہ درست ہے کہ قتل کا مقدمہ نہ کینیا میں درج ہوا نہ پاکستان میں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ ہماری معلومات کے مطابق کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا علم نہیں، کینیا سے معلومات لے کر آگاہ کریں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اب تک ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا؟ اس پر سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کا جائزہ لے کر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ کیا مقدمہ درج کرنے کا یہ قانونی طریقہ ہے؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ مقدمہ درج کیے بغیر تحقیقات کیسے ہوسکتی ہیں؟

سماعت کے دوران اس دوران صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے عدالت کو بتایا کہ 2ہفتے قبل کینیا کی حکومت کو رپورٹ دینے کے لیے ایک درخواست دی گئی،‏ ارشد شریف قتل سے متعلق قوم سپریم کورٹ کی جانب دیکھ رہی ہے۔

اس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ‏معاملے میں وزارت خارجہ کا کردار سب سے اہم ہے۔

عدالت عظمیٰ نے متعلقہ حکام کو آج رات تک ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے انکوائری رپورٹ آج ہی جمع کرانے کا حکم دیا اور کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کے لیے 5 ججز پر مشتمل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی صحافی برادری اور عوام کی بڑی تعداد سینئر صحافی کی المناک موت پر بہت غمزدہ اور تشویش میں مبتلا تھی اور عدالت سے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہی تھی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری اطلاعات و نشریات، ڈی جی (ایف آئی اے)، ڈی جی (آئی بی) اور صدر پی ایف یو جے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ آج ہی دن 12 بج کر 30 منٹ پر سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

معروف صحافی و سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کو 24 اکتوبر کو کینیا میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد صحافی، سیاست دان اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سپریم کورٹ سے اس معاملے کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سپریم کورٹ کو خطوط لکھنے کی مہم بھی شروع کی گئی تھی جس کے بعد ہزاروں افراد نے خطوط لکھ کر سپریم کورٹ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے چیف جسٹس سے تحقیقاتی کمیشن بنانے کی درخواست بھی کی تھی۔

ارشد شریف مرحوم کی والدہ نے بھی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھ کر اعلیٰ اختیاراتی عدالتی کمیشن کی تشکیل کی درخواست کی تھی۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ میں اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام سپریم کورٹ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ بنیادی حقوق کی حفاظت کریں گے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین

سپریم کورٹ فیصلہ، حکومت، الیکشن کمیشن، پی ٹی آئی کے اہم فیصلے

سپریم کورٹ نے پنجاب، خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے...

پنجاب، کے پی میں انتخابات، چار ججز بینچ سے الگ، پانچ ججز کے بینچ کی جانب سے سماعت جاری

سپریم کورٹ کے چار ججز پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں...

پی ڈی ایم کا جسٹس اعجاز، جسٹس مظاہر پر اعتراض، فل کورٹ کی تشکیل کا مطالبہ

پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر پر...

جسٹس جمال کے تحفظات، صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پر سماعت ملتوی

پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر پر...