قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو پاسپورٹ دینے کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیب نے لاہور ہائیکورٹ میں دو صفحات پر مشتمل جواب جمع کرا دیا ہے جس میں نیب کا کہنا ہے کہ انہیں مریم نواز کا پاسپورٹ درکار نہیں ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کہاں ہیں، جونئیر وکیل نے بتایا کہ وہ دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔
اس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فل بینچ کے سامنے صرف یہی کیس نہیں ہے، کیا وکیل صاحب کو اتنا نہیں پتہ کہ کونسی عدالت میں پہلے پیش ہونا ہے؟
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ وکیل صاحب کو احساس ہونا چاہیے کہ کونسی عدالت میں پیش ہونا ہے۔
مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے بروقت پیش نہ ہونے پر عدالت نے کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ۔
اس سے قبل ہائیکورٹ نے مریم نواز کو ضمانت دیتے ہوئے پاسپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا
میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز پاسپورٹ ملنے کے بعد لندن جانا چاہتی ہیں۔