پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے تصدیق کی ہے کہ جی ایچ کیو نے نئے آرمی چیف کی تقرری کے لیے سمری وزارت دفاع کو بھجوا دی ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ جی ایچ کیو نے آرمی چیف اور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تقرری کے لیے 6 سینئر ترین جنرلز کے ناموں پر مشتمل سمری وزارت دفاع کو بھجوا دی ہے۔
اس وقت 6 سینئر ترین جنرلز میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر شامل ہیں۔
بعد ازاں وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے بھی ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سمری وزارت دفاع سے وزیراعظم آفس میں موصول ھو گئی ہے، انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ باقی مراحل بھی جلد طے ہو جائیں گے۔
اس سے قبل وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں سمری موصول ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیردفاع خواجہ آصف سے منسوب بیان درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سمری تاحال وزیراعظم ہاؤس میں موصول نہیں ہوئی، اس حوالے سے قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سمری موصول ہونے پر اطلاع دے دی جائے گی۔
ایک روز قبل خواجہ آصف نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے وزارت دفاع کو نئے آرمی چیف کے لیے ممکنہ امیدواروں کے ناموں کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگلے 3 روز میں تقرری کا رسمی اعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد ہم عمران خان کو دیکھ لیں گے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 26 نومبر تک نئے آرمی چیف کا اعلان ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بھی 26 نومبر کو راولپنڈی میں نئے انتخابات کی تاریخ کے لیے احتجاج کا اعلان کیا ہوا ہے۔