اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کل ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ نے علی نواز اعوان اور جماعت اسلامی کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 31 دسمبر کو اسلام آباد میں انتخابات کرانے کا حکم دیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے اپنے فیصلے میں انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا اور انتخابات شیڈول کے مطابق کرنے کا حکم دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے یونین کونسلز کی تعداد 125 کرنے کا وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن بھی کالعدم کر دیا ہے۔
عدالت نے یہ مختصر فیصلہ سنایا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عدالت نے وفاقی حکومت کو بھی حکم دیا کہ وہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرے۔
اس سے قبل 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے طویل سماعت کے بعد وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔