بلوچستان کے ضلع بولان میں ایک خودکش حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ حملہ کنبڑی پل کے نزدیک بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے نزدیک ہوا، دھماکہ موٹرسائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے کیا۔
حملے کے بعد انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔
بلوچستان کانسٹیبلری کا ٹرک سبی میلے سے اپنے فرائض سرانجام دینے کے بعد واپس آ رہا تھا جب اس پر خودکش حملہ کیا گیا، دھماکے کی شدت سے ٹرک الٹ گیا۔
شہدا اور زخمیوں کو سبی کے اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے، کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے حملےکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
گزشتہ ہفتے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے جن میں دو لیویز کے اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید ہوئے۔
ہرنائی کے علاقے میں مسلح افراد نے ایک کان پر فائرنگ کر دی تھی جس میں 4 کان کن جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔