بھارت کی عدالت نے راہول گاندھی کو دو سال قید کی سزا سنا دی 

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

بھارتیہ جنتا پارٹی گجرات کے ایک رکن اسمبلی پرنیش مودی نے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کے خلاف کیس دائر کیا تھا جس میں عدالت نے راہول گاندھی کو اس کیس میں دو سال کی قید سنا کر ساتھ ہی ضمانت بھی دے دی ہے۔

 راہول گاندھی نے 2019ء میں کرناٹک کے کولار میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے متعلق کہا تھا کہ چوکیدار سو فیصد چور ہے۔

راہول کا کہنا تھا کہ آپ نے تیس ہزار کروڑ روپے کی چوری کی اور اپنے دوست انیل امبانی کو دے دیے، آپ نے صد فیصد پیسے چرائے۔ چوکیدار چور ہے۔ نیرو مودی، میہول چوکسی، للت مودی، مالیہ، انیل امبانی اور نریندر مودی۔یعنی چوروں کا ایک گروہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر چوری کرنے والے کے نام کے آگے مودی کیوں آتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ میں نے کچھ بھی جان بوجھ کر نہیں کیا اور ان کے بیان سے عرضی گزار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

اس بات پر درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی رکن پارلیمان ہیں، اس لیے انہیں زیادہ سے زیادہ سزا دی جائے، اگر ان کو تھوڑی سزا دی گئی تو معاشرے میں غلط میسج جائے گاکہ قانون سازوں کو کم سزا ملتی ہے۔

کانگریس کے صدر ملکا ارجن کھڑگے نے بی جے پی حکومت کو ڈکٹیٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی حکومت کے کالے کارناموں کو واضح کر رہے ہیں، اس لیے حکومت ان سے سہمی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی خود کے علاوہ باقی ہر ایک پر انگلی اٹھاتی ہے۔

پریانکا گاندھی نے بھی کہا کہ میرے بھائی کے ارادے اور مقاصد مضبوط اور بلند ہیں، انھیں کمزور کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی، اب تو مودی کا نام لینے پر بھی سزا ہو جاتی ہے۔

بی جے پی کے رہنما اور مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی جو بھی بولتے ہیں، اس سے صرف نقصان ہی ہوتا ہے۔ ان کی پارٹی کا تو نقصان ہوتا ہی ہے لیکن یہ ملک کے لیے بھی اچھا نہیں ہے۔

بی جے پی رہنما روی شنکر پرساد نے کہا ہے کہ ملک کو بدنام کرنا، اور گالیاں دینا راہول کی نفسیات میں شامل ہو چکا ہے، اگر ایسے چلتا رہا تو سرکار اپنا کام کر دکھائے گی۔

 وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ پارٹیوں اور رہنماؤں پر الزامات لگا کر پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین