بنوں : سی ٹی ڈی اسٹیشن پر قابض جنگجوؤں سے تیسرے روز مذاکرات جاری

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

بنوں کے شعبہ انسداد دہشت گردی پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے والے جنگجوؤں اور انتظامیہ کے درمیان تیسرے روز بھی مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے۔

شہر میں موجود تناؤ کے باعث ڈپٹی کمشنر بنوں نے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کو آج کے روز بند کر دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

بنوں کینٹ کی جانب جانے والے تمام راستے ٹریفک کے لیے بند ہیں، شہر میں تمام موبائل فون نیٹ ورک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

اتوار کو مبینہ طور پر بنوں کے سی ٹی ڈی اسٹیشن پر جنگجوؤں نے تفتیش کرنے والوں پر حملہ کر دیا، انہوں نے اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کر دی جس سے دو سی ٹی ڈی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

بعد ازاں جنگجوؤں نے دیگر اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا اور ایک ویڈیو کے ذریعے حکومت سے افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ لیا۔

جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے 8 اہلکاروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے جنہیں وہ ساتھ لے جائیں گے اور افغانستان کی سرحد عبور کرنے کے بعد چھوڑ دیں گے۔

سیکیورٹی فورسز نے چاروں طرف سے پولیس اسٹیشن کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور مذاکرات جاری ہیں جو آج تیسرے روز بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق اسٹیشن میں تحریک طالبان پاکستان کے 20 کے قریب جنگجو موجود ہیں جن سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ ابھی تک سیکیورٹی فورسز طاقت کے استعمال سے گریز کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس سٹیشن پر قابض جنگجوؤں کو لکی مروت اور بنوں سے گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں سی ٹی ڈی سٹیشن میں تفتیش کے لیے منتقل کر دیا گیا تھا۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ان میں سے کئی افراد صرف شک کی بنیاد پر بنوں پولیس سٹیشن منتقل کیے گئے تھے، ان کی جان کو بھی خطرہ ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین

ٹی ٹی پی کے سیکیورٹی فورسز پر حملے، حکومت مکمل کنفیوژن کا شکار

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے 28 نومبر کو حکومت...