بم سائیکلون: امریکہ، کینیڈا میں برفانی طوفان کی تباہ کاری، 38 افراد ہلاک

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

امریکہ اور کینیڈا میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی ہے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق امریکہ میں 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بہت سے علاقوں میں بجلی کا نظام معطل ہے۔

اس طوفان کو بم سائیکلون کا نام دیا گیا ہے جو فضا کا دباؤ انتہائی کم ہونے سے پیدا ہونے والے خلا کی وجہ سے جنم لیتا ہے اور دھماکے کی طرح اس کی شدت بڑھتی جاتی ہے۔

سی این این کے مطابق مغربی نیویارک میں برف کی تہہ 43 انچ تک پہنچ گئی ہے جس میں گاڑیاں دھنسی ہوئی ہیں جبکہ حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے برف صاف کرنے والے عملے کو سخت دشواری کا سامنا ہے۔

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل کا کہنا ہے کہ ریاست میں اب تک کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ بفلو کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے اسے بفلو شہر کی تاریخ کا بدترین برفانی طوفان قرار دیا۔ نیویارک میں نیشنل گارڈز کے سینکڑوں جوان ریسکیو عملے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

معروف خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایری کاؤنٹی میں 7 افراد کی لاشیں گاڑیوں سے ملی ہیں جو برفانی طوفان میں پھنس گئے تھے۔  کاؤنٹی میں ابھی تک 12 ہزار مکان بجلی سے محروم ہیں۔

مغربی امریکی ریاست مونٹانا میں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری تک گر چکا ہے، کینیڈا کے صوبے اونٹاریو اور کیوبک برفانی طوفان سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق برفانی طوفان سے شمالی امریکہ میں 25 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، 17 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق اس قدر سرد موسم میں باہر نکلنے پر 5 سے 10 منٹ کے اندر انسان فراسٹ بائیٹ کا شکار ہو سکتا ہے، سب سے زیادہ ناک اور ہاتھ پیر کی انگلیاں متاثر ہوتی ہیں۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین