لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، ان پر عوام کو ادارو کے خلاف اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ان کے خلاف مقدمہ مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں 153 اے اور 505 پی پی سی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے انہیں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کی جیل بھرو تحریک پر بول ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنی چاہیئے۔
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو سرکاری ملازمین کو دفتر نہ جانے کی کال دینی چاہیئے، اس پر عمل ہو گا تو حکومت بھی کچھ سوچنے پر مجبور ہو جائے گی۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے سرکاری ملازمین اور اپوزیشن کو اپنے قانونی و سرکاری فرائض کی انجام دہی سے روکنے پر اکسایا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ان کا مقصد اپوزیشن اور سرکاری ملازمین میں حکومت کے خلاف نفرت ، اشتعال انگیزی پھیلانا ہے تاکہ اس سے ملک میں بے چینی، بدامنی اور انتشار پیدا کیا جاسکے۔
ان پر مزید الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم کی اس بات سے ملک کے تینوں طبقوں حکومت، اپوزیشن اور سرکاری ملازمین میں نفرت اور دشمنی کی فضا پیدا کی گئی ہے جو ملک کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ تمام بیان ایک سوچی سمجھی سازش اور منصوبہ بندی کے تحت دیا ہے تاکہ ملک کو مزید کمزور کیا جا سکے۔
مختلف سیاسی و صحافتی حلقوں نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
معروف اینکر اور سینئر صحافی حامد میر نے ٹویٹ میں کہا کہ جنرل امجد شعیب کی گرفتاری صرف قابل مذمت ہی نہیں بلکہ نظام انصاف کے لیے قابل شرم بھی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں حکومتی اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنرل امجد شعیب کی گرفتاری سوائے مزید نفرت اور بے چینی کے کچھ نہیں دے گی، محض تنقید پر اتنے سینئر فوجی جنرل کی گرفتاری انتہائ غلط روایت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ امجد شعیب کو فوری رہا کیا جائے جوش سے نہیں ہوش سے کام کرنے کا وقت ہے، ملک سنگین بحرانوں میں گھرا ہوا ہے مزید بحران پیدا نہ کیجئے۔
نامور وکیل میاں علی اشفاق نے ٹویٹر پر جنرل امجد شعیب کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی لحاظ سے بغاوت پر اکسانا نہیں ہے۔ پاکستان کا نقصان بند کریں