رواں برس ساڑھے 7 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی بیرون ملک نقل مکانی

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

پاکستان میں غیریقینی سیاسی و معاشی صورتحال کے پیش نظر رواں برس ساڑھے 7 لاکھ سے زائد تعلیم یافتہ نوجوان بیرون ملک ملازمتوں کے لیے ملک سے چلے گئے ہیں۔

ایکسپریس ٹریبون میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2022 کے دوران ملک سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 7 لاکھ 65 ہزار ہے جو 2021 میں سوا دو لاکھ اور 2020 میں دو لاکھ 88 ہزار تھی۔

رواں برس ملک چھوڑنے والوں میں 92 ہزار ایسے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں جن کے پاس طب، انجینئرنگ، اکاؤنٹس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ڈگریاں موجود تھیں۔

بیورو آف امیگریشن کے مطابق نقل مکانی کرنے والوں میں زیادہ تر افراد نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا رخ کیا ہے۔

یورپ کی طرف جانے والے پاکستان نوجوانوں کی اکثریت نے ملازمت کے لیے زیادہ تر رومانیہ کو ترجیح دی ہے۔

بیورو آف امیگریشن کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بگڑتی معاشی صورتحال اور سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کی افرادی قوت کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افراط زر، بیروزگاری اور غیریقین معاشی و سیاسی حالات سے پریشان لاکھوں نوجوان ہر سال بیرون ملک جا رہے ہیں، ان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی شامل ہیں۔

بیورو آف امیگریشن کی دستاویزات کے مطابق 2019 میں 6 لاکھ 25 ہزار افراد نے ترک وطن کیا تھا جس کے بعد اگلے دو برسوں میں اس تعداد میں بڑی کمی واقع ہوئی تھی تاہم 2022 میں نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق 2022 میں ملک چھوڑنے والوں میں 92 ہزار گریجویٹس، ساڑھے 3 لاکھ تربیت یافتہ مزدور اور اتنی ہی تعداد غیرتربیت یافتہ مزدور شامل ہیں۔

نقل مکانی کرنے والوں میں 5 ہزار 534 انجینئرز، 18 ہزار ایسوسی ایٹ الیکٹریکل انجینئرز، ڈھائی ہزار ڈاکٹرز، دو ہزار کمپیوٹر ماہرین، ساڑھے 6 ہزار اکاؤنٹنٹ، دو ہزار 6 سو زرعی ماہرین، 9 سو اساتذہ، 12 ہزار کمپیوٹر آپریٹرز، 16 سو نرسیں اور 21 ہزار 517 ٹیکنیشن شامل ہیں۔

اسی طرح ملک چھوڑنے والے غیرتربیت یافتہ کارکنوں میں دو لاکھ 13 ہزار ڈرائیورز شامل ہیں۔

بیورو آف امیگریشن کے اعدادوشمار کے مطابق 7 لاکھ 30 ہزار نوجوانوں نے خلیجی ممالک کا رخ کیا ہے جبکہ 40 ہزار یورپ اور دیگر ایشیائی ممالک کی جانب نقل مکانی کر گئے ہیں۔

ان میں سے 4 لاکھ 70 ہزار نوجوان ملازمت کے لیے سعودی عرب چلے گئے ہیں، ایک لاکھ 19 ہزار یو اے ای، 77 ہزار اومان، 51 ہزار 634 قطر اور دو ہزار افراد نے کویت میں ملازمت تلاش کی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق دو ہزار پاکستانی عراق جا بسے ہیں، 5 ہزار ملائشیا، 602 چین، 815 جاپان اور 135 ترکی چلے گئے ہیں۔

سرکاری اعدادوشمار سے یہ حیرت انگیز بات سامنے آئی ہے کہ 478 افراد ملازمت کے لیے سوڈان کی طرف بھی نقل مکانی کر گئے ہیں۔

یورپی ممالک میں ملازمت کرنے والوں کو دیکھا جائے تو ان میں 3 ہزار 160 نوجوان رومانیہ، ڈھائی ہزار برطانیہ، 677 سپین، 566 جرمنی، 497 یونان اور 292 افراد نے اٹلی کا رخ کیا ہے، امریکہ جانے والے افراد کی تعداد 7 سو رہی۔

ملک چھوڑنے والوں میں 4 لاکھ 24 ہزار زیادہ نوجوانوں کا تعلق پنجاب سے ہے، دو لاکھ 6 ہزار کا خیبرپختونخوا، 38 ہزار کا سابقہ قبائلی علاقوں سے، 54 ہزار کا سندھ سے، 27 ہزار کا آزاد کشمیر سے، 7 ہزار کا بلوچستان سے جبکہ 6 ہزار کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین