پاکستان میں میڈیا اور سول سوسائٹی پر قدغن، امریکہ کا اظہار تشویش

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم میڈیا ہاؤسز اور سول سوسائٹی پر واضح پابندیوں پر مسلسل تشویش میں مبتلا ہیں۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی کی بندش اور اس کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کی گرفتاری کے متعلق سوال کے جواب میں کہی۔
نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ ہم ، بشمول پاکستان، دنیا بھر میں میڈیا کی آزادی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا پر پابندیوں، صحافیوں پر حملہ کرنے والوں کا احتساب نہ ہونے، آزادی اظہار رائے اور پرامن اجتماع کے حق کو دبانے پر امریکہ کو تشویش ہے۔
نیڈ پرائس نے زور دے کر کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آزاد میڈیا اور معلومات رکھنے والے شہری پوری دنیا میں جمہوری معاشروں اور ہمارے جمہوری مستقبل کی بنیاد ہیں، یہ بات دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان پر بھی صاد آتی ہے۔

‘پاکستان تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے’

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اسلام آباد سے توقع رکھتا ہے کہ وہ تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف تسلسل سے کارروائی کرے گا۔
انہوں ںے امید کا اظہار کیا کہ ایف 16 جہازوں کی دیکھ بھال کے لیے 450 ملین ڈالرز کا مجوزہ پیکج اس مقصد کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایف 16 پروگرام دونوں ممالک کے وسیع تر باہمی تعلقات کا اہم حصہ ہے اور مجوزہ سیل پیکج موجودہ اور مستقبل کے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سیل پیکج کے متعلق کانگریس کو مطلع کر دیا گیا ہے، پاکستان انسداد دہشت گردی کے ضمن میں اہم پارٹنر ہے، امریکہ اپنے مہیا کیے گئے پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال کی سہولت فراہم کرتا ہے اور یہ ہماری مستقل پالیسی ہے۔

سیلاب کے بعد دی گئی امداد

پاکستان میں حالیہ سیلاب کے متعلق سوال پرنیڈ پرائس نے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 12 ستمبر کے بعد 9 فلائٹس کے ذریعے 630 میٹرک ٹن کی ریلیف سپلائی کا آدھا حصہ پاکستان بھجوایا گیا ہے، مجموعی طور پر فلائٹس کے ذریعے 40 ہزار کچن سیٹ، 1500 پلاسٹک شیٹس کے رول اور 8 ہزار 7 سو شیلٹر فکسنگ کٹس سمیت دیگر اشیاء بھجوائی گئی ہیں۔
پرائس نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو 53 ملین ڈالرز سے زائد کی امداد انسانی بنیاد پر مہیا کی جا چکی ہے جس میں فوری نوعیت کی خوراک ، غذائیت، نقد رقوم، پینے کا صاف پانی سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔
- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین