پاکستان یورپی یونین کی ہائی رسک ممالک کی فہرست سے خارج

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

وزیر تجارت سید نوید قمر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین نے آج پاکستان کو ان ممالک کی فہرست سے نکال دیا جن کا نام انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والی “ہائی رسک تھرڈ کنٹریز” فہرست میں تھا۔

یورپی یونین کمیشن تیسری دنیا کے ایسے ممالک کی نشان دہی  کرنے کا پابند ہے، جن کی حکومت میں دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے حوالے سے اسٹریٹیجک خامیاں ہیں۔

یوری یونین نے پاکستان کا نام 2018ء میں اس فہرست میں شامل کیا تھا، جس سے ملک پر اضافی ریگولیٹری پابندیاں عائد تھیں۔

وزیر تجارت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اب پاکستانی کاروباری اداروں اور افراد کو یورپی قانونی اور اقتصادی اداروں کی ” کسٹمر ڈیو ڈیلیجنس’ کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

مذکورہ خبر کی تصدیق کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے اپنی ٹوئٹ میں اس کامیابی کا سہرا وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ کی کوششوں کی بدولت اب پاکستانی برآمد کنندگان کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( فیٹف) نے پاکستان کو عالمی منی لانڈرنگ واچ لسٹ سے نکال دیا تھا، بعدازاں نومبر 2022ء میں  برطانیہ نے بھی اس فیصلے کی پیروی کی۔

 یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کو گزشتہ دہائیوں کے سب سے بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔

اس سے قبل وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا تھا کہ ملکی معیشت کو اس بحران سے نکالنے کے لیے برآمدی معیشت میں بڑھوتری کے لیے اہم اقدامات کرنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈز ( آئی ایم ایف) کے ساتھ قرض پروگرام کے نویں جائزے میں تاخیر کی وجہ سے پاکستانی معیشت ابھی تک دباؤ کا شکار ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 31 جنوری تا 9 فروری تک ہونے والے مذاکرات تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین

جی 7 ممالک کا روسی تیل 60 ڈالر فی بیرل خریدنے پر اتفاق

گروپ آف سیون (جی 7) ممالک اور آسٹریلیا نے...