اداکارہ ریشم نے ویڈیو پیغام میں قوم سے معافی مانگ لی

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

پاکستان کی معروف اداکارہ ریشم نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے قوم سے معافی مانگ لی۔
انسٹاگرام پر لگائی گئی ویڈیو میں انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ ان کی جانب سے معافی قبول کریں کیونکہ جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
اداکارہ ریشم نے کہا کہ یہ واقعہ ان کی لاپرواہی کے باعث پیش آیا، انہوں نے ارادتاً ایسا نہیں کیا اور وہ پوری قوم سے اس پر معافی کی طلبگار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر آلودگی پھیلانے کے خلاف ہوں، ملک کو صاف ستھرا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
ریشم نے اسے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ان سے ایسا کبھی نہیں ہو گا۔
چند روز قبل اداکارہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے چارسدہ جاتے ہوئے رستے میں ایک دریا میں مچھلیوں کی خوراک کے ساتھ ساتھ پلاسٹک کے تھیلے بھی پھینکتی نظر آئی تھیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا جسے آغاز میں انہوں نے ٹرولنگ قرار دیا تاہم جب کئی نامور شخصیات بھی اس تنقید میں شامل ہوئیں تو انہوں نے معافی مانگ لی۔
اداکارہ ریشم پر تنقید کرنے والوں میں کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی شامل تھیں جنہوں نے اس حرکت کو افسوسناک قرار دیا۔
ریشم نے ایک نجی ویب سائیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو بار کورونا کا شکار ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے ان کا دماغ صحیح کام نہیں کر رہا۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وبا ان کے اکلوتے بھائی کی جان لے چکی ہے۔
ریشم نے یہ شکوہ بھی کیا کہ وہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے چارسدہ جا رہی تھیں اور راستے میں دریا میں مچھلیوں کے لیے خوراک پھینکی لیکن ان کے اچھے کاموں کو نظرانداز کر دیا گیا۔
- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین