کرہ ارض پر انسانوں کی تعداد 8 ارب ہو گئی

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

اقوام متحدہ کے مطابق دنیا کی آبادی 8 ارب تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ 12 سالوں میں ایک ارب افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ صحت، غذائیت، ادویات وغیرہ کے باعث انسان کی عمر بڑھی ہے جو آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔

بیان کے مطابق آبادی میں بڑھوتری کی وجہ بعض ممالک میں بڑھتی شرح پیدائش کی مرہون منت بھی ہے۔

ایشیاء کے درمیانی آمدنی والے ممالک کی آبادی میں گزشتہ دہائی کے دوران 70 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے، اس دوران میں بھارت میں 18 کروڑ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اگلے برس بھارت کی آبادی چین سے آگے بڑھ جائے گی جس کے بعد وہ دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔

دنیا بھر میں ہر سال آبادی بڑھنے کی شرح میں ایک فیصد کمی واقع ہو رہی ہے جس کے باعث 2037 تک کرہ ارض پر بسنے والوں کی تعداد 9 ارب تک پہنچ جائے گی۔

اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق دنیا کی آبادی 2080 تک 10 ارب 40 کروڑ ہو جائے گی اور یہ 2100ء تک اسی سطح پر برقرار رہے گی۔

اسی طرح بیان میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ صدی کے دوران نئے پیدا ہونے والے 2 ارب 40 کروڑ افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق افریقہ سے ہو گا۔

ماحولیات پر اثرات

ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافے کے باعث ماحولیات پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، لوگ پانی، خوراک اور جگہ کے لیے جنگلی حیات کو پیچھے دھکیل دیں گے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑی تعداد میں مہاجرت ہو گی جس سے جنگوں میں اضافے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

1990 سے 2015 کے دوران ایک فیصد امیر ترین آبادی نے جتنی کاربن پیدا کی ہے وہ دنیا کی آدھی غریب آبادی کی پیدا کردہ کاربن سے دوگنا ہے۔

افریقہ میں تیزی سے بڑھتی آبادی کی وجہ سے وسائل پر شدید دباؤ پڑے گا، یہی ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں سے بھی متاثر ہوں گے جس کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو گا۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین