پاکستان کے معروف صحافی اور ٹی وی اینکر ارشد شریف کے کینیا میں جاں بحق ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایک گاڑی کے چوری ہونے کی اطلاع ملی تھی جس میں ایک لڑکے کو اغوا کیا گیا تھا، اس پر سڑک کے کنارے ناکہ لگایا گیا، ارشد شریف اس ناکے پر نہیں رکی تو اس پر فائرنگ کی گئی جس سے معروف صحافی کو دو گولیاں لگی اور وہ دم توڑ گئے۔
تاہم کینیا کے مختلف صحافی پولیس کے دعوے کر غلط قرار دے رہے ہیں اور انہوں نے اس کہانی میں بہت سے جھول ہونے کی نشاندہی کی ہے۔
سوشل میڈیا پر متحرک کینیا کے صحافی جون ایلن نامو کا کہنا ہے کہ ارشد شریف بدعنوانی کے متعلق ایک دستاویزی فلم پر کام کر رہے تھے جس کا ٹریلر ایک ہفتہ پہلے جاری کیا گیا تھا۔
کینیا کے اخبار دی سٹار کینیا کے سب ایڈیٹر ایلیوڈ کیبی نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ چوری کی گئی گاڑی کی نمبر پلیٹ اور ارشد شریف کی گاڑی کی نمبر پلیٹ مختلف تھیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جس وقت ارشد شریف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اس وقت تک اغوا کیا گیا لڑکا بازیاب ہو چکا تھا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سڑک پر باقاعدہ ناکہ لگانے کے بجائے وہاں پتھر ڈال دیے گئے تھے جنہیں ارشد شریف کی گاڑی ایک طرف سے عبور کر گئی۔
کینیا کے ایک اور معروف صحافی برائن اوبویا نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی پر 9 گولیاں ماری گئیں جن میں سے 4 گاڑی کی بائیں جانب لگیں
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی اس جگہ سے 78 کلومیٹر دور ملی ہے جہاں پولیس نے ناکہ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے پتھر سڑک پر ڈال کر روڈ بلاک کی ہوئی تھی جسے ارشد شریف کی گاڑی بائی پاس کر کے گزر گئی۔
مریم اورنگ زیب کا ارشد شریف کی والدہ کو فون پر اظہار افسوس
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ارشد شریف کی والدہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔
میڈیا کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے ارشد شریف کی والدہ کو اب تک ہونے والی پیش رفت اور حاصل ہونے والی معلومات سے آگاہ کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ ارشد شریف کی ہلاکت کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے کوششیں جاری ہیں، کینیا کی حکومت نے باضابطہ سرکاری طور پر ارشد شریف کی ہلاکت کے بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کینیا کی حکومت سرکاری طور پر ہمیں بتائے گی، ہم تفصیلات سے ارشد شریف کے اہل خانہ اور عوام کو آگاہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کینیا کی حکومت اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں، پاکستانی میڈیا پر ارشد شریف سے متعلق جاری قیاس آرائیاں افسوسناک ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کینیا کی سکیورٹی ایجنسیز سے رابطے میں ہیں، حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، ارشد شریف کے ساتھ ہونے والے تمام حقائق تک پہنچیں گے۔