قومی اسمبلی سے استعفے، پی ٹی آئی وفد، اسپیکر کی ملاقات بے نتیجہ ثابت

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی اسپیکر راجا پرویز اشرف کے ساتھ ملاقات بے نتیجہ ثابت ہوئی۔

پی ٹی آئی کا مطالبہ تھا کہ اراکین کے اجتماعی استعفے قبول کیے جائیں جبکہ راجا پرویز اشرف استعفوں کی فرداً فرداً تصدیق پر اصرار کر رہے ہیں۔

اسپیکر سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی وفد میں سابق اسپیکر اسد قیصر، سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، چیف وہپ عامر ڈوگر اور دیگر اراکین اسمبلی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ استعفوں کی تصدیق آئین پاکستان اور قومی اسمبلی کے قواعد کے مطابق کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے فرداً فرداً بلایا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے وفد نے اپنے مطالبات تحریری شکل میں اسپیکر اسمبلی کو پیش کیے جس میں کہا گیا کہ ان کے اراکین اس لیے استعفے دیے ہیں تاکہ عام انتخابات کے لیے راہ ہموار کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر نے وفد کو کہا کہ انتخابات میں چند ماہ باقی رہ گئے ہیں، اس لیے وہ اسمبلی میں آ کر اپنا کردار ادا کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی وفد نے جواب میں کہا کہ ان کے اراکین کی اسمبلی میں واپسی عام انتخابات کی تاریخ سے مشروط ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی وفد کے ساتھ ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت استعفی ہاتھ سے لکھا ہوا ہونا چاہیے۔ استعفیٰ موصول ہونے کے بعد اسپیکر کے لیے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ اس رکن نے بغیر کسی دباؤ کے استعفیٰ دیا ہے، اس لیے تمام اراکین سے انفرادی طور پر تصدیق لازم ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپس آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ واپسی کے بعد ان کے اراکین کو اسمبلی میں بولنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب اسپیکر سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے میڈیا سے بات کی، اس موقع پر وفد کے تمام اراکین بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

اسد قیصر نے بتایا کہ اسپیکر نے تمام اراکین کے اسمبلی میں آنے اور ہاتھ سے استعفیٰ لکھ کر پیش کرنے کا کہا ہے، جب ہم نے سوال پوچھا کہ جن 11 ارکان کے استعفے قبول کیے گئے، کیا وہ آپ کے پاس آئے تھے تو اسپیکر کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کے کیس میں عدالت واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ جو فلور پر آکر استعفیٰ دے گا اس کا استعفیٰ منظور کر لیا جائے گا، شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اعلانیہ مستعفی ہوچکے ہیں۔

قاسم سوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور اسپیکر پی ٹی آئی کے 127 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے تھے، اس کے باوجود موجودہ اسپیکر نے اس فائل کو روک دیا۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین

پی ٹی آئی کے 44 اراکین اسمبلی نے استعفے واپس لے لیے

پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے 44 ارکان...

پی ٹی آئی کے 35 مزید اراکین کے استعفے منظور

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک...

پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے استعفوں کے لیے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے...

مسلح افراد کی اینکرپرسن شفا یوسفزئی کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش

گزشتہ شب مسلح افراد نے معروف اینکر پرسن شفا...