مظاہروں کو ہوا دینے کا الزام، ایران میں 9 یورپی باشندے گرفتار

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

ایرانی حکومت نے ملک بھر میں جاری ہنگاموں کی ذمہ داری غیرملکی عناصر پر عائد کرتے ہوئے 9 یورپی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایران کی انٹیلی جنس منسٹری نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ان باشندوں کا تعلق جرمنی، پولینڈ، اٹلی، فرانس، نیدرلینڈ، سویڈن اور دیگر ممالک سے بتایا جا رہا ہے۔

ایرانی میڈیا پر چلنے والے اس بیان کے مطابق یہ افراد پس منظر میں رہتے ہوئے سازش کر رہے تھے۔

پولیس کے ہاتھوں مہسا امینی نامی خاتون کی ہلاکت کے بعد ایران اور مغربی ممالک کے درمیان تناؤ پیدا ہو گیا تھا جس میں مغربی باشندوں کی گرفتاری کے بعد مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ایران میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں جن میں مزید ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کرنے والے مسلح مظاہرین پر فائرنگ کر دی جس سے 19 افراد ہلاک ہو گئے۔

ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی عالمی سطح پر مذمت کے بعد حکومت نے امریکہ پر ہنگاموں کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایرانی کرد کے علاقے ساقیز سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ مہسا امینی کو نامناسب لباس پہننے کے الزام میں تہران پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

دوران حراست مہسا امینی کی طبیعت بگڑ گئی جس پر اسے اسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں 3 دن بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔

اس واقعہ کے بعد ایران میں ہنگامے پھوٹ پڑے جن میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 700 افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

گرفتار افراد میں ایران کے سابق صدر کی بیٹی فائزہ ہاشمی رفسنجانی بھی شامل ہیں جو انسانی حقوق کے معاملات اٹھانے پر پہلے بھی کئی بار جیل جا چکی ہیں۔

عوامی سطح پر ہونے والے مظاہرے ایران کے 31 صوبوں میں پھیل چکے ہیں، اس دوران حکومت نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹس بند کر دی ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی تعطل کا شکار ہے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین

ایران میں مظاہرے، سابق صدر کی صاحبزادی کو 5 سال قید

سابق ایرانی صدر اکبر ہاشم رفسنجانی کی صاحبزادی فائزہ...

ایران: وسیع پیمانے پر ہنگاموں کے بعد واٹس ایپ، انسٹاگرام بند

پولیس کی زیرحراست خاتون کی ہلاکت کے باعث ایران...