ایران: وسیع پیمانے پر ہنگاموں کے بعد واٹس ایپ، انسٹاگرام بند

0
3
ایران: وسیع پیمانے پر ہنگاموں کے بعد واٹس ایپ، انسٹاگرام بند

پولیس کی زیرحراست خاتون کی ہلاکت کے باعث ایران میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں جس کے بعد حکومت نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو بھی بند کر دیا ہے۔

ایران میں بقیہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پہلے ہی بند تھے۔

گزشتہ ہفتے 22 سالہ ماشا امینی کو نامناسب لباس پہننے کے جرم میں پولیس نے گرفتار کیا تھا، بعد ازاں پولیس حراست میں ہی ان کی موت واقع ہو گئی تھی جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج شروع ہو گیا تھا۔

انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والے ادارے نیٹ بلاکس کی رپورٹ کے مطابق پورے ملک میں موبائل نیٹ ورک فراہم کرنے والی کمپنییوں کی سروسز تعطل کا شکار ہیں۔

نیٹ بلاکس کا کہنا ہے کہ پہلے انسٹاگرام کی سروسز بند کی گئیں اور اس کے بعد انٹرنیٹ مہیا کرنے والی کمپنیوں نے واٹس ایپ بند کیا۔

ادارے نے مزید بتایا کہ جمعہ کو شروع ہونے والے احتجاج کے بعد تہران سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروسز میں تعطل شروع ہوا جس کا دائرہ مغربی ایرانی صوبے کردستان تک وسیع کر دیا گیا۔

دو شہریوں نے خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ انسٹاگرام مکمل طور پر بند ہے جبکہ وہ واٹس ایپ پر تصاویر نہیں بھیجی جا سکتیں، صرف تحریری پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

ایران میں انٹرنیٹ کی بندش یا تعطلی ایک معمول ہے جس کا مقصد مظاہرین کو عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے تصاویر اور پیغام پھیلانے سے روکنا ہے۔

2019 میں حکومت نے تیل کی قیمتوں پر شروع ہونے والے مظاہروں کو روکنے کے لیے ایک ہفتے کے لیے انٹرنیٹ مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔

یہ مظاہرے سیاسی نوعیت اختیار کر گئے تو حکومت نے سخت کریک ڈاؤن کیا تھا جو انقلاب ایران کی 40 سالہ تاریخ کا خونی واقعہ ثابت ہوا تھا۔

ایران میں ٹک ٹاک، یوٹیوب، ٹویٹر اور فیس بک کو بند کرنا ایک معمول کی بات ہے، تاہم بہت سے شہری وی پی این استعمال کر کے ان پابندیوں کا توڑ نکال لیتے ہیں۔