ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں کلین چٹ دے دی

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وزیراعظم شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں کلین چٹ دے دے۔

ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کی عبوری ضمانت کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ ان کے خلاف کسی قسم کی منی لانڈرنگ یا کک بیکس کے ثبوت نہیں ملے۔

اسپیشل کورٹ سینٹرل میں پیش کیے گئے چالان میں ایف آئی اے نے کہا کہ طاہر نقوی اور سلیمان شہباز کے خلاف کسی قسم کے ثبوت نہیں ملے۔

ایف آئی اے کے چالان کے بعد دونوں ملزموں نے اپنی درخواست ضمانت واپس لے لی۔

دو روز قبل سلیمان شہباز ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے تھے، ان سے چینی اسکینڈل میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزامات سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

ایف آئی اے نے نومبر 2022 میں شہبازشریف، حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا تاہم سلیمان شہباز کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ان سے تفتیش نہیں ہو سکی تھی جس کے بعد انہیں اشتہاری قرار دے دیا گیا۔

دسمبر 2021 میں ایف آئی اے نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر اسکینڈل کیس میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے پر عدالت میں چالان جمع کرایا تھا۔

ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہبازخاندان کے 28 بےنامی اکاؤنٹس کا پتا لگایا گیا ہے جس کے ذریعے 2008 سے 2018 کے درمیان 16.3 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالت کی جانب سے اکتوبر 2019 میں سلیمان شہباز کو اشتہاری قرار دینے کے بعد جون 2020 میں ان کے دو ارب سے زائد کے تین بینک اکاؤنٹس ضبط کر لیے تھے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین