اوبر کا 5 بڑے شہروں میں سروس منقطع کرنے کا اعلان

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

اوبر ٹیکنالوجیز نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ کمپنی پاکستان کے 5 بڑے شہروں میں اپنی سروس منقطع کر رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں کمپنی کا کہنا ہے کہ فوری طور پر کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور پشاور میں سروس ختم کی جا رہی ہے، البتہ لاہور میں صارفین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان 5 شہروں میں اوبر اپنی ذیلی کمپنی کریم کے ذریعہ خدمات مہیا کرتی رہے گی۔

اوبر کی انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ یہ اس ٹیم کے لیے مشکل وقت ہے جس نے کاروبار کو مستحکم کرنے کے لیے گزشتہ کئی برسوں میں ان تھک محنت کی ہے، بیان میں کہا گیا کہ کمپنی اپنے ملازموں، ڈرائیورز اور مسافروں کے لیے اس فیصلے کے اثرات کم کرنے کو پہلی ترجیح دیتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر اور ڈرائیور کریم سروس کے ذریعے ان 5 شہروں میں اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

کمپنی کی خدمات استعمال کرنے والوں کو بھی ایک نوٹی فکیشن موصول ہوا ہے جس میں بتایا کہ 5 شہروں میں اوبر کی سروس 11 اکتوبر 2022 کے بعد مہیا نہیں کی جا سکے گی۔

مسافروں کی ذاتی معلومات کی پرائیویسی کے متعلق کمپنی کا کہنا تھا کہ جو افراد اپنا ڈیٹا کریم کے ساتھ شئیر نہیں کرنا چاہتے، وہ 14 اکتوبرتک ایک فارم فل کر کے بتا سکتے ہیں۔

بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے کریم انتظامیہ نے کہا کہ 2016 سے اس سروس کے آغاز کے بعد ہم نے 100 ملین ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے اور 8 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے ہیں۔ ہماری سپر ایپ پر 90 لاکھ کسٹمرز رجسٹر ہیں، ہم ثابت قدمی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں گے۔

کریم انتظامیہ نے بتایا کہ وہ اپنے آپریشنز کو بڑھانے کے لیے مزید سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ہم 10 شہروں میں اپنی خدمات مہیا کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ کریم نے رواں برس خوراک کی ڈیلوری کی سہولت ختم کر دی تھی اور اپنی پوری توجہ سفر کرنے والوں اور ساز و سامان پہنچانے کی جانب مرکوز کر دی تھی۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین