سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

0
3
سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سیلاب کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے پاکستان پہنچ گئے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ وہ تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھرپور امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت ماحولیاتی آفت کا شکار ہے۔
انتونیو گوتریس ان علاقوں کا دورہ کریں گے جو سیلاب کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، وہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات بھی کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وہ وزیراعظم شہباز شریف اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سرکاری اندازوں کے مطابق سیلاب کے باعث پاکستان میں اب تک 1319 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ اس کی وجہ سے کم از کم 10 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے اور لاکھوں لوگ بےگھر ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے لیے 160 ملین ڈالرز کی امداد کی اپیل جاری کی گئی تھی۔
ایکسپریس ٹریبون میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث پاکستان میں قابل کاشت 22 ملین ہیکٹرز زمین میں سے 7 ملین پر پانی کھڑا ہے، ابتدائی سرکاری تخمینے کے مطابق صرف زراعت اور لائیو سٹاک میں 298 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ زراعت کا جی ڈی پی میں 23 فیصد حصہ ہے جبکہ لیبرفورس کا 37.4 فیصد اسی شعبے سے منسلک ہے، سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر بیروزگاری پھیلنے کا خدشہ ہے۔
2010 میں آنے والے سیلاب کے باعث پاکستان کی اہم فصلوں کی پیداوار میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی تھی جس کی وجہ سے اس سال جی ڈی پی کی شرح نمو 2.58 فیصد رہ گئی تھی۔
موجودہ سیلاب اس سے زیادہ وسیع پیمانے پر آیا ہے اور اس سے کاشت کی گئی زمینیں متاثر ہوئی ہیں، خصوصاً کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کا پاکستان کے جی ڈی پی میں ایک فیصد حصہ ہے۔