اسد عمر کا لانگ مارچ کے پلان میں تبدیلی کا اعلان

پوسٹ شیئر کریں

رکنیت

مقبول

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے حکومت کے خلاف جاری لانگ مارچ کا نیا منصوبہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو پیش کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ نے 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچنا تھا لیکن اب اس میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

اسد عمر کے مطابق پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ عوام کی بڑی تعداد ان کے ساتھ مل کر لانگ مارچ کا حصہ بنے، اس وجہ سے اسلام آباد پہنچنے میں مزید 2 سے 4 دن لگ سکتے ہیں۔

اسد عمر نے مزید بتایا کہ انہوں نے لانگ مارچ کے راستے کا متبادل منصوبہ عمران خان کو پیش کر دیا ہے جس کے بعد دارالحکومت میں پہنچنے کی نئی تاریخ کا آج فیصلہ کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد پہنچنے میں دو چار دن مزید لگ بھی جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔

عمران خان کا نواز شریف کو ان کے حلقے میں شکست دینے کا اعلان

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے حقیقی آزادی مارچ کے پانچویں دن شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کیا اور اعلان کیا کہ جب وہ واپس آئیں تے تو وہ انہیں ان کے حلقے میں شکست دیں گے۔

انہوں نے گجرانوالہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اسٹیبلشمنٹ کو پی ٹی کے خلاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے اسے ملک کے خلاف سازش قرار دیا۔

عمران خان نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ وہ لانگ مارچ سے فارغ ہو کر سندھ کا دورہ کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ آزادی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ہمارا حقیقی آزادی مارچ گوجرانوالہ سے گزر رہا ہے۔ ہم ایک انقلاب کی جانب گامزن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی شرکت سے شرکاء کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ قوم حقیقی آزادی کی ہماری پکار کی حمایت کا ایک واضح

پیغام دے رہی ہے۔

عمران خان کے مارشل لا کے متعلق بیان کی مذمت

پی ڈی ایم رہنماؤں نے گزشتہ روز عمران خان کے مارشل لا کے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیرآئینی قرار دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں مارشل لا کو دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارشل لا جیسے اقدامات کرنے والے اب سیاست سے دور رہنا چاہتے ہیں، ملک میں کوئی غیرآئینی مداخلت نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ جمہوریت پسند سیاست دان اداروں کو مارشل لا لگانے پر نہیں اکساتا، عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک میں مارشل لا نافذ ہو جائے۔

انہوں نے عمران خان کے بیان کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو سیاستدان 26 سال سیاسی جدوجہد کا دعویٰ کرتا ہے وہ یہ نہیں کہتا کہ مارشل لا لگانا ہے تو لگادو۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی “26 سال کی جدوجہد” صرف چیرٹی کے نام پر پیسے کھانے میں گزری ہے۔

ریڈ زون میں توسیع ہنگامہ آرائی کے لیے ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے رہنماء شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریڈ زون کی 4 کلومیٹر اور 6 پوش سیکٹرزتک توسیع ہنگامہ آرائی کاماسٹر پلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایم ایل ون 6 ارب ڈالر میں ایکنک سے منظورکیا تھا، موجودہ حکومت نے اس منصوبے کی لاگت تقریباً 10ارب ڈالرتک کر دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی الیکشن سیاست دفن ہو گئی، اس لیے وہ خوف پھیلا رہی ہے۔ انہیں اقتدار میں لانے والے پچھتا رہےہیں۔ حکومت کو الیکشن ہر صورت کرانے ہوں گے۔

- Advertisement -
مجاہد خٹک
مجاہد خٹکhttp://narratives.com.pk
مجاہد خٹک سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں۔ وہ ڈیجیٹل میڈیا میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔

دیکھیں مزید
متعلقہ مضامین

لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

لاہور ہائی کورٹ نے جمعے کو پاکستان تحریک انصاف...

اچھا خاصا جی تو رہا ہوں

یہ لاہور ہے۔ اس میں آج کل زمان پارک...

دو مقدمات میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے دو...

بلوچستان ہائیکورٹ: عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل

بلوچستان ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران...